رواں مالی سال میں مارچ تک محکمہ ایکسائز سندھ نے 71885 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا : مکیش کمار چاؤلہ

گذشتہ مالی سال میں اسی مدت کے دوران 59867 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔ اجلاس کی صدارت
کراچی : صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ کی زیر صدارت ٹیکسز کی وصولی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اعجاز میمن, ڈائریکٹر جنرلز حاجی سلیم بھٹو، منیر احمد زرداری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں ٹیکسز کی مد میں جولائی 2020 سے مارچ 2021 تک مجموعی طور پر 71885.806 ملین روپے وصول کئے گئے جبکہ اسی مدت میں گزشتہ سال 59867.354 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔ اجلاس کو مذید بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں مارچ تک موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 7083.298 ملین روپے اور انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 58814.983 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 449.768 ملین روپے اور جائیداد ٹیکس کی مد میں 1483.554 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ کاٹن فیس کی مد میں 84.125 ملین روپے اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 27.924 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے افسران کو ہدایت دی کہ رواں مالی سال کے اختتام سے قبل تمام ٹیکس اہداف حاصل کئے جائیں اور جائیداد ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس کی وصولی کی رفتار تیز کی جائے۔ انہوں نے مذید کہا کہ شہری بروقت ٹیکسز جمع کروائیں تاکہ انہیں کسی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے مد نظر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کے دفاتر ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ ٹیکس نادہندہ گان کے لیے آن لائن ٹیکس جمع کروانے کی بھی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔