فضل الرحمان کی جاتی امرا میں مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات

پی ڈی ایم کو ایک پیج پر رکھنے کے مشن پر گامزن مولانا فضل الرحمان کی جاتی امرا میں مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات جاری ہے جس میں استعفوں اور لانگ مارچ کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔

پی ڈی ایم میں بڑھتے اختلافات کا معاملہ، اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان جاتی امرا پہنچ گئے جہاں مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز اور مرکزی رہنما حمزہ شہباز سے ملاقات کر رہے ہیں، ملاقات میں پی ڈی ایم کے مستقبل کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔

مولانا فضل الرحمان مریم نواز سے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال،عید کے بعد لانگ مارچ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ مولانا اور مریم کی ملاقات میں نون لیگ کے دیگر سینیئر رہنما بھی شریک ہیں۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بامقصد لانگ مارچ ہونا چاہیے،پارلیمنٹ سے استعفے دینا پی ڈی ایم کے اعلامیے کا حصہ ہے، پیپلز پارٹی کو اتحاد میں شامل رکھنا چاہتے ہیں۔

Courtesy Dunya news