ملیریا اور ڈینگی سے حفاظت فراہم کرنے کے لئے بھرپور اسپرے مہم شروع

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہاہے کہ شہریو ںکو ملیریا اور ڈینگی سے حفاظت فراہم کرنے کے لئے بھرپور اسپرے مہم شروع کی جارہی ہے جو ایک ماہ تک جاری رہے گی ، اسپرے مہم کو مؤثربنانے کیلئے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کا تعاون حاصل کیا ہے ، شہر کو بہتر بنانے کے کاموں میں سول سوسائٹی اور فلاحی اداروں کی شرکت خوش آئند ہے، یہ بات انہو ںنے منگل کے روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں اسپرے مہم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے ٹرسٹی عارف لاکھانی اور دیگر نمائندے بھی موجود تھے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اسپرے مشین میں دوا ڈال کر مہم کا افتتاح کیا، انہوں نے کہاکہ اسپرے مہم میں کے ایم سی کی 20 اسپرے گاڑیاں استعمال کی جائیں گی جن پر کے ایم سی کا عملہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے رضاکاروں کے ہمراہ تعینات کیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کو اس مہم میں شامل رکھنے کا مقصد شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے اسپرے کی جامع اور مکمل معلومات رکھنا ہے تاکہ اگر کسی بھی علاقے میں ضرورت ہو تو وہاں فوری گاڑی بھیج کر اسپرے کرادیا جائے، انہوں نے کہاکہ شہریوں کو مچھروں اور دیگر جراثیم سے حفاظت فراہم کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ایک اہم اور بنیادی ذمہ داری ہے لہٰذا اس کام کو بہترین انداز میں کرنا چاہتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ اسپرے مہم کا آغاز ضلع جنوبی اور شرقی سے کیا جارہا ہے جہاں ایک ہفتے تک مختلف علاقوں میں اسپرے کیاجائے گا۔