پاک سرزمین پارٹی اورسیز کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام

پیپلزپارٹی سندھ کے لئے کینسر کی شکل اختیار کر چکی ہے* پی ٹی آئی نے کراچی کی غلط مردم شُماری کو تسلیم کر کے کراچی دشمن اقدام کیا ہے

*ایم کیو ایم رہنماؤں نے اپنے زاتی مفادات کے تحفظ کیلئے کراچی والوں کو بھینٹ چڑھا دیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی اپنے تعصب میں کراچی والوں کو بنیادی انسانی اور آئینی حقوق بھی دینے کے لیے تیار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شمشاد علی صدیقی نے پارٹی کی اورسیز شاخ کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ سعودی دارالحکومت ریاض میں بدھ کے روز صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا. انہوں نے کہا کہ کراچی کو اس کا جائز حق دلانے کے لیے ہر شہری کو بلا تفریق رنگ و نسل پی ایس پی کے پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔ کراچی کا مینڈیٹ جنہیں دیا گیا انہیں نہ کراچی کے مسائل کا علم ہے نہ عوام کی فکر۔ اگر عوام بھی اپنے مسائل سے لاتعلق رہے گی تو حالات مزید خراب ہونگے، سیاسی طور پر دانشمندی اور بختگی کا مظاہرہ کر کے ہمیں کراچی کی آواز بننا ہوگا اور یہ واضح کرنا ہوگا کہ یہ شہر ملک کا صرف معاشی حب ہی نہیں بلکہ شہہ رگ بھی ہے کراچی کے عوام کے لیے کئے گئے فیصلوں کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہوتے ہیں.
پیپلزپارٹی کی لسانی حکومت نے سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے کرپشن کی وجہ سے عام آدمی مسائل کے دلدل میں پھنس کر رہ گیا ہے پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ سندھ کے شہری علاقوں میں منصفانہ مردم شماری ہو اگر ایک بار بھی شہری علاقوں میں رہنے والوں کو صحیح طور پر گن لیا گیا تو پیپلز پارٹی کا سورج سندھ میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے غروب ہو جائے گا سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی 55 فیصد ہے جبکہ دیہی آبادی 45 فیصد رہ گئی ہے گزشتہ کئی سالوں سے بہت بڑی تعداد میں لوگ شہروں میں آکر آباد ہوئے ہیں.
تقریب سے ریاض ریجن کے صدر حنیف بابر جنرل سیکرٹری عبداللہ افتخار خان سینئر نائب صدر خالد خان، نائب صدر انجینئر وحید علی سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا.
اس موقع پر ریاض کمیونٹی کے ممتاز شخصیات انجینئر آفتاب احمد، عظیم خان، عدیل خان اور انجینئر یاسر علی بھٹی نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا.
شمشاد صدیقی اور دیگر تمام رہنماؤں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور توقع ظاہر کی کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پارٹی کے پیغام کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے .