بشریٰ انصاری کی معین اختر اور انور مقصود کیساتھ نایاب تصویر

فلم و ٹی وی انڈسٹر ی کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار معین اختر اور مشہور ترین مزح نگار، شاعر، مصنف، ٹی وی میزبان اور مصور انور مقصود کے ساتھ ماضی کی یادگار تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

1978ء سے شوبز انڈسٹری پر راج کرنے والی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے فوٹو البم سے ایک نایاب تصویر شیئر کی ہے جس میں اُن کے ہمراہ معین اختر اور انور مقصود کو بھی دیکھا جاسکتا ہے
مذکورہ تصویر میں شوبز انڈسٹری کے ان تینوں لیجنڈری فنکاروں نے سیاہ رنگ کے لباس زیب تن کیے ہوئے ہیں جبکہ یہ تصویر ایک ٹاک شو کے دوران لی گئی تھی جو ایک نجی چینل پر نشر ہوا تھا۔
بشریٰ انصاری نے تصویر کے کیپشن میں مشہور شعر کا ایک سطر یوں لکھا:

ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم

اداکارہ نے لکھا کہ ’میں لیجنڈ معین اختر اور انور مقصود کے ساتھ۔‘

اس سے قبل بشریٰ انصاری نے نامور اداکارہ عظمیٰ گیلانی کے ساتھ اپنی وہ تصویر شیئر کی تھی جو سال 1982 میں لی گئی تھی
خیال رہے کہ لیجنڈ اداکار معین اختر کو فن کی اکیڈمی کہا جاتا تھا کیونکہ فلم ہو یا ٹی وی یا پھر اسٹیج ڈرامہ انہوں نے ہر شعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا، معین اختر کے طنز ومزاح سے بھرپور جملوں نے تہذیب کا ایک نیا پہلو متعارف کروایا
معین اختر کے معروف ٹی وی ڈراموں میں روزی، انتظار فرمائیے، بندر روڈ سے کیماڑی، آنگن ٹیڑھا، اسٹوڈیو ڈھائی، اسٹوڈیو پونے تین، یس سر نو سر اورعید ٹرین شامل ہیں، ڈرامہ روزی میں ان کا کردار شاید کبھی نہ بھلایا جاسکے۔

معین اختر 22 اپریل سن 2011 کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے