سائٹ ایریا کے مسائل حل نہ ہوئے توصنعتیں بند ہوں گی،جاوید بلوانی

Oct 08, 2020
کراچی( کامرس رپورٹر)بجلی،گیس اور پانی کے بحران اور انفرااسٹرکچر کی بدحالی پر سائٹ صنعتی علاقے کے صنعتکار بپھر گئے اورسائٹ لمٹیڈ کو سائٹ ایسوسی ایشن کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے نومنتخب صدرعبدالہادی،سرپرست زبیرموتی والا،سابق صدرجاوید بلوانی اور دیگر رہنمائوں نے کہا ہے کہ حکومت سائٹ صنعتی علاقے کوبلاتعطل گیس،پانی،بجلی فراہم کرے اور انفرااسٹرکچر کی صورتحال کو فوری طور بہتر بنائے تو سائٹ صنعتی علاقے سے مجموعی ایکسپورٹس میں مزید30فیصدکا اضافہ کیا جاسکتا ہے، عالمی سطح پر بجلی،پانی وگیس پاکستان کے مقابلے میں سستی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں صنعتی پیداواری لاگت مسابقی ممالک کی نسبت ز یادہ ہے اور ہم ایکسپورٹ نہیں کرپاتے ،ہماری صنعتیں عالمی مارکیٹ میں بھارت،بنگلہ دیش اور سری لنکا کا مقابلہ نہیں کرپاتیں کیونکہ بھارت اور بنگلہ دیش میں پاکستان سے بجلی اور گیس کی قیمت بہت کم ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں صحافیوں سے ملاقات میں کہی۔اس موقع پرسینئرنائب صدر ریاض الدین، نائب صدر عبدالقادر بلوانی،عارف لاکھانی،طارق یوسف، سبکدوش چیئرمین سلیمان چائولہ،سلیم پاریکھ،فرحان اشرفی اور دیگر بھی موجود تھے۔سائٹ کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ سائٹ لمٹیڈ کانظام ختم کرکے اس کی نجکاری کی جائے یا اس ادارے کو2سال کیلئے سائٹ ایسوسی ایشن کے حوالے کیا جائے۔صدر سائٹ ایسوسی ایشن عبدالہادی نے کہا کہ سائیٹ انڈسٹریل ایریا کے حالات انتہائی مخدوش ہوگئی ہے ،سائیٹ کا انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے ،سائیٹ کا مین روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیاہے ،تیار مال کی ترسیل بھی شدید متاثر ہورہی ہے ،گیس پریشر کے مسائل کی وجہ سے پیداوار متاثر ہوری ہے