حوثی باغیوں کا سعودی تنصیبات پر حملہ، پاکستان کی شدید مذمت


پاکستان نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی تنصبات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ ٹیلیفونک رابطے میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں۔ ’اہم علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان اور سعودی عرب کے موقف میں پائی جانے والی مماثلت خوش آئند ہے۔
دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی دل کھول کر معاونت کی۔

‘ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حرمین کا تقدس ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ’سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہم سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے سرحدی صوبے جازان کی العارضہ کمشنری کی شہری آبادی کو گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ایک گولہ آبادی میں بھی آ گرا تھا، لیکن خوش قسمتی سے اس گولہ باری میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ ایک شہری کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں مسلسل سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولے داغے جا رہے ہیں۔ جن میں آج سعودی عرب کی اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔ ان خلاف ورزیوں سے شہریوں کی جانوں کو شدید خطرات کا سامنا ہے