امریکی صدر کا ’’کورونا امدادی بل‘‘ پر مذاکرات ختم کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا امدادی بل پر انتخابات کے بعد بات چیت کریں گے اور انتخابات جیتنے کے فوری بعد بڑا بل پاس کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی قیمت گر گئی۔

دوسری جانب امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کہا کہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مباحثے کا منتظر ہوں تاہم امید ہے کہ تمام پروٹوکول کا خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو اب بھی کورونا ہے تو مباحثہ نہیں ہونا چاہیے اور ڈاکٹرز جو مشورہ دیں گے اس پر عمل کرنا بہتر ہے

تین نومبر کو امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے ریپبلیکن امیدوار اور موجود ہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے امیدوار اور سابق نائب امریکی صدر جو بائیڈن کے درمیان روایتی صدارتی مباحثے کا پہلا دور اوہائیو میں منعقد ہوا تھا۔

Courtesy Hum News