موبائل فون خوبصورت کتنا ہی کیوں نہ ہو مگر چارجر سادہ ہوتا ہے مگر اب منفرد اور خوبصورت چارجر متعارف کرا دیے گئے۔
آج کے دور میں شاید ہی کوئی شخص ہو، جس کے پاس موبائل فون نہ ہو۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فون کا کردار ادا کرنے والا یہ موبائل فون اب ہاتھ میں ایک دنیا کی صورت بن گیا ہے۔
اب مختلف کمپنیوں کے جدید فیچرز کے ساتھ انتہائی اسمارٹ اور خوبصورت فون آ رہے ہیں۔ تاہم ایک بات سب میں یکساں ہے کہ ان کے چارجر صرف سیاہ یا سفید رنگ میں سادہ اور بورنگ ہوتے ہیں۔
تاہم اب ایسا نہیں کیونکہ “آئی کیا” نے ٹیکنالوجی کو گھر کے ماحول کا حصہ بنانے کے اپنے منفرد انداز کو جاری رکھتے ہوئے نیا Qi وائرلیس چارجر رینج متعارف کرایا ہے، جس میں کارکردگی کے ساتھ خوبصورتی کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔
ان میں سب سے نمایاں ہے VÄSTMÄRKE، ایک چھوٹا اور خوشنما وائرلیس چارجر جو جدید فنکشنز کے ساتھ خوبصورتی کی وجہ سے سب کو بھا سکتا ہے۔
VÄSTMÄRKE متعدد فیچرز کو یکجا کرتا ہے: فون ہولڈ، کیبل کو چھپانا، جدید Qi2 ٹیکنالوجی کی سپورٹ، وہ بھی انتہائی مسابقتی قیمت پر دستیاب ہے۔ اس چارجر کی ابتدائی قیمت صرف 10 ڈالر رکھی گئی ہے۔
یہ نرم سلیکون سے ڈونٹ کے شکل میں ڈیزائن کیا گیا ہے اور چارجنگ کے دوران فون کے لیے ہولڈ کے طور پر بھی کام کرتا ہے، نیز USB-C کیبل کو اندر لپیٹنے کی سہولت فراہم کرتا ہے تاکہ ترتیب برقرار رہے اور الجھن نہ ہو۔
یہ Qi2 چارجنگ کی رفتار کو سپورٹ کرتا ہے اور آئی فون اور مطابقت رکھنے والے اینڈرائیڈ فونز جیسے پکسل کے ساتھ مقناطیسی طور پر ہم آہنگ ہے۔
ڈیسک یا ٹیبل پر استعمال کے شوقین افراد کے لیے” آئی کیا” نے ایک اور ورژن بھی متعارف کرایا ہے جس کی قیمت 25 ڈالر ہے، جس میں روشنی شامل ہے۔یہ ایک چھوٹے پیالے کی شکل میں ہے جس کے بیچ میں چارجر موجود ہے، جسے چابیاں یا پرس رکھنے کے دوران فون چارج کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔


























