
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ کرافٹ فیسٹیول کا افتتاح کردیا
سندھ کی روایتی دستکاری، اجرک رلی کی کشیدہ کاری سمیت 100 سے زائد اسٹالز
روایتی موسیقی کا بھی اہتمام، میوزیکل نائٹ میں بڑے فنکار پرفارم کریں گے
فیسٹیول ہماری ثقافت، روایات اور یکجہتی کا جشن ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (28 نومبر 2025): وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کے روز پورٹ گرانڈ میں سندھ کرافٹ فیسٹیول 2025 کا افتتاح کیا جس کا مقصد صوبے کے بھرپور ثقافتی ورثے، روایتی دستکاری اور فنکارانہ مہارت کو اجاگر کرنا ہے۔ محکمہ ثقافت، حکومتِ سندھ کے زیرِ اہتمام دو روزہ فیسٹیول 30 نومبر تک جاری رہے گا۔
وزیر اعلیٰ کا استقبال وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ، سیکریٹری ثقافت خیر محمد کلوڑ اور دیگر سینئر حکام نے کیا۔ مراد علی شاہ نے فیتہ کاٹ کر فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح کیا اور100 سے زائد اسٹالز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہنرمندوں سے ملاقات کی اور ان کے فن کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت اور فنون ہی ہماری شناخت ہیں۔ سندھ کرافٹ فیسٹیول نہ صرف ہمارے صدیوں پرانے ورثے کو فروغ دیتا ہے بلکہ مقامی کاریگروں کی تخلیقی صلاحیت خاص طور پر خواتین کی دستکاری کو بھی نمایاں کرتا ہے۔
فیسٹیول میں قومی ورثے اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے دیگر صوبوں کی منتخب دستکاریاں بھی شامل کی گئی ہیں۔ شرکاء روایتی ہنر، لوک موسیقی اور ثقافتی رقص کی نمائشوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں جو سندھ کی رنگارنگ فنکارانہ روایات کی عکاسی کرتی ہیں۔
فیسٹیول
روایتی دستکاری کی نمائش
100 سے زائد اسٹالز میں سندھ کی مختلف دستکاریاں پیش کی جا رہی ہیں جن میں اجرک اور رلی کی کشیدہ کاری، نفیس کڑھائی، چمڑے کا کام، کاشی گری، روایتی لباس، حیدرآباد کی چوڑیاں، نیلی مٹی کے برتن، مٹی کے فن پارے، پیتل کی اشیا، سیپی اور ماربل کی سجاوٹی مصنوعات شامل ہیں۔
براہ راست کاریگر مظاہرے
شائقین کو موقع فراہم کیا جا رہا ہے کہ وہ ماہر کاریگروں کو روایتی دستکاریاں بناتے ہوئے دیکھ سکیں اور نسل در نسل منتقل ہونے والی تکنیکوں کا مشاہدہ کر سکیں۔
ثقافتی پرفارمنس
فیسٹیول کے مختلف مقامات پر لوک موسیقی، روایتی رقص جیسے لیوا، ڈانڈیا اور مٹکا پیش کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ روایتی اوطاق اور سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے والے ماڈلز بھی توجہ کا مرکز ہوں گے۔
میوزیکل نائٹس
شام کے اوقات میں معروف فنکاروں کے موسیقی پروگرام پیش کیے جائیں گے جن میں صنم ماروی، خماریاں بینڈ، رجب فقیر، طفیل سنجرانی، دیبا سحر، فرزانہ بہار، اویس جمن، خوشبو لغاری، ممتاز مولائی، اصغر کھوسو، علی گل ملاح، ندرہ مغل، زبیر رحمان اور سلامت سہراب فقیر شامل ہیں۔
سیاحت کا فروغ
فیسٹیول میں سندھ کے مختلف سیاحتی مقامات سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جا رہی ہیں جہاں ٹور آپریٹرز نے خصوصی اسٹالز قائم کیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ فیسٹیول صرف فنون اور دستکاری تک محدود نہیں؛ یہ ہماری ثقافت، روایات اور یکجہتی کا جشن ہے۔ سندھ کے فنون اور دستکاریاں دنیا کے ہر کونے تک پہنچیں گی اور ہمارے کاریگروں کا ساتھ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سندھ کرافٹ فیسٹیول 2025 صوبائی حکومت کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جو سندھ کے ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ، مقامی فنکاروں کے لیے پلیٹ فارم کی فراہمی اور شہریوں کو صوبے کی بھرپور روایات سے جوڑے رکھنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
عبدالرشید چنا
میڈیا کنسلٹنٹ، وزیراعلیٰ سندھ























