امریکی ریاست الاسکا میں 6.0 شدت کے طاقتور زلزلے نے اینکریج شہر سمیت کئی علاقوں کو جھنجوڑ کر رکھ دیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلہ سسٹینا کے علاقے میں 69 کلومیٹر گہرائی میں آیا، جبکہ مرکز اینکریج سے تقریباً 12 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔
رپورٹس کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجکر 11 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد شہری خوف کے باعث گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
خوفناک زلزلے کے بعد الاسکا ٹرانسپورٹیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ہائی ویز، ایئرپورٹس، پلوں اور سرنگوں کی ہنگامی جانچ شروع کردی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کسی جانی نقصان یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی نیشنل سونامی وارننگ سینٹر نے ابتدائی معلومات کی بنیاد پر یہ واضح کیا ہے کہ زلزلے سے سونامی کا کوئی خطرہ موجود نہیں ہے۔























