بھارت میں ناقص انفرااسٹرکچر نے ایک اور نوجوان ایتھلیٹ کی جان لے لی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روہتک میں 16 سالہ قومی باسکٹ بال کھلاڑی پریکٹس کے دوران پول گرنے سے ہلاک ہوگیا۔
حادثہ مقامی باسکٹ بال کورٹ میں اس وقت پیش آیا جب ہاردک نے باسکٹ بال پول پر لٹکنے کی کوشش کی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی ہاردک پول پر لٹکا، پول اس کے اوپر آگرا۔
قریب موجود دیگر کھلاڑیوں نے اسے پول کے نیچے سے نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
اس افسوسناک واقعے پر ہریانہ اولمپک ایسوسی ایشن نے تین روز تک تمام کھیلوں کے مقابلے ملتوی کردیے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ دو روز قبل بہادر گڑھ کے ہوشیار سنگھ اسٹیڈیم میں 15 سالہ امان بھی ایسے ہی ایک حادثے کا شکار ہوکر چل بسا تھا۔























