اپوزیشن کا 27ویں ترمیم کیخلاف یوم سیاہ ، متعدد کارکن گرفتار
اپوزیشن کی مرکزی قیادت کے اعلان پر جمعہ کو 27 ویں تر میم کیخلاف ملک بھر میں یومِ سیاہ پورے جوش اور جذبے سے منایا گیا۔ نمازِ جمعہ کے بعد ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی اجتماعات منعقد ہوئے جہاں شرکاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر ستائیسویں آئینی ترمیم کے خلاف حتجاج ریکارڈ کروایا ،پولیس نے کئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا ، جمعہ کے خطبات میں بھی اس غیر آئینی ترمیم کو مسترد کیا گیا اور اس غیر قانونی ترمیم کے خلاف دستخط مہم بھی شروع کردی گئی ہے ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی مرکزی احتجاجی ریلی فیصل مسجد میں نماز جمعہ کے بعد نکالی گئی جس کی قیادت محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس، سلمان اکرم راجہ، مصطفی نواز کھوکھر، سید ظہیر نقوی اور حسین آخونزادہ شریک تھے۔
مرکزی قائدین نے کہا کہ اس متنازع آئینی ترمیم کو قرآن و سنت کے منافی ہونے کے باعث عوام کسی صورت قبول نہیں کرتے ،مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم ملک میں آئین کی سربلندی، عوامی حقوق کے تحفظ اور ناانصافی کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے ، ہم نے ظلم کے آگے سر نہیں جھکانا، ہم نے ظلم کے آگے سر اٹھانا ہے ۔کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں چھبیسویں آئینی ترمیم کے خلاف جمعہ کے روز احتجاج کیا گیا جبکہ اسی حوالے سے صبح کے وقت کراچی سٹی کورٹس کا وکلا نے احتجاجاً علامتی بائیکاٹ بھی کیا۔تحفظ آئین پاکستان کی کال پر کیے جانے والے احتجاج کے دوران کراچی میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب سے پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق تحریک انصاف سے بتایا جا رہا ہے ۔کراچی پریس کلب کے باہر تحریک نمائندگی عوام کی جانب سے بھی احتجاج کیا گیا ۔
سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے قاسم آباد سے حیدر چوک تک ریلی نکالی گئی۔میرپورخاص میں تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ پولیس نے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا ۔تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ ان کے چھ سے زائد کارکن گرفتار کیے گئے ہیں۔ سندھ کے شہر عمرکوٹ میں پریس کلب کے باہر احتجاج کیا گیا۔تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قید کے خلاف شوبرا چوک نوشہرہ میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ،مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔ کوئٹہ میں 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف تحریک تحفظِ آئین پاکستان نے یوم سیاہ مناتے ہوئے احتجاجی ریلیوں کا اعلان کیا۔ ضلعی انتظامیہ نے احتجاجی ریلیوں کو روکنے کے لیے پشتونخواملی عوامی پارٹی کا دفتر سیل کر دیااور شہر کے اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔تحریک تحفظِ آئین پاکستان نے ستائیسویں آئینی ترمیم کو مسترد کرتے ہوئے کوئٹہ میں احتجاجی ریلیوں کا اعلان کیا ۔
courtesy dunya roznama























