
کراچی
مور خہ19 دسمبر 2025
کراچی 19 دسمبر ۔چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت سیکریٹری کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام صوبائی محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاب پورٹل، پینشن معاملات، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، آڈٹ پیراز اور دیگر اہم انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ وہ تمام محکمے جنہوں نے تاحال صوبائی جاب پورٹل پر ملازمتوں کے اشتہارات جاری نہیں کیے، وہ جنوری کے آخر تک اشتہارات جاری کریں تاکہ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔چیف سیکریٹری سندھ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جو جدید طرزِ حکمرانی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب محکمہ قانون، محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اور یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سے تمام سمریاں وزیر اعلیٰ سندھ کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں ارسال کی جائیں گی اور اس کہ بعد دیگر محکموں کے سیکریٹریز کو ٹریننگ دی جائے گی تا کہ ان محکموں سے بھی تمام سمریاں وزیر اعلیٰ سندھ کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں بھیجی جائیں۔ عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ وزیر اعظم پورٹل سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کا حکومتی نظام پر اعتماد مزید مستحکم ہو۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جس پر چیف سیکریٹری سندھ نے تمام سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سرکاری ملازمین کے پینشن کیسز ایک سال کے اندر جبکہ میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے کیسز چھ ماہ کے اندر نمٹائے جائیں۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تمام سیکریٹریز کو اپنے محکموں میں کمپلینٹ ریڈریسل مینیجمنٹ مکینزم قائم کرنے اور دفاتر میں وقت کی پابندی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ نظم و ضبط، کارکردگی اور جوابدہی کے بغیر بہتر حکمرانی ممکن نہیں۔ اجلاس کے اختتام پر چیف سیکریٹری سندھ نے تمام محکموں کو عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
ہینڈآؤٹ نمبر 1425۔۔۔ایف آئی جے
ڈائریکٹوریٹ آف پریس انفارمیشن


























