جیمینائی اے آئی کی نئی سہولت: تصاویر اب ویڈیوز میں بدلی جا سکیں گی

گوگل نے اپنی جیمینائی اے آئی ایپ میں صارفین کے لئے تصاویر کو چند کلکس میں آٹھ سیکنڈ کی ویڈیوز میں بدلنے والا نیا فیچر متعارف کروایا ہے۔

گوگل کے مطابق یہ فیچر ویو 3 ویڈیو ماڈل کی مدد سے کام کرتا ہے اور نہ صرف تصویر میں حرکت پیدا کرتا ہے بلکہ گفتگو، پس منظر کی آوازیں اور ماحول کی آوازیں بھی شامل کر سکتا ہے۔ ویڈیوز 720p کوالٹی کی فائل کے طور پر تیار ہوتی ہیں اور ان میں اے آئی جنریٹڈ واٹرمارک بھی شامل ہوتا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر فی الحال گوگل اَلٹرا اور پرو سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہے اور مخصوص علاقوں تک محدود ہے، صارفین بس جیمینائی ایپ یا ویب پر جا کر ٹولز بار میں ویڈیو منتخب کریں، تصویر اپلوڈ کریں اور مطلوبہ حرکت اور آواز کا انتخاب کریں۔

گوگل کے مطابق یہ فیچر پہلے ان کی فلم سازی کی ایپ فلو میں موجود تھا، لیکن اب جیمینائی ایپ میں براہِ راست انیمیٹڈ تصاویر تخلیق کی جا سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق جیمینائی اے آئی کا یہ فیچر اپ ڈیٹ تخلیقی صلاحیتوں کو عام صارفین تک پہنچانے میں اہم قدم ہے۔