برطانیہ میں سیاسی پناہ، شہریت کیلئے 20 سال انتظار لازم

برطانیہ میں سیاسی پناہ، شہریت کیلئے 20 سال انتظار لازم

برطانیہ میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والے افراد کو مستقل طور پر آباد ہونے کیلئے درخواست دینے سے پہلے 20 سال انتظار کرنا پڑے گا،اس حوالے سے ہوم سیکرٹری شبانہ محمود آج باقاعدہ طور پر میڈیا کو بریفنگ دیں گی ،ا ن کے منصوبے کے تحت جن لوگوں کو پناہ دی گئی ہے انہیں صرف عارضی طور پر ملک میں رہنے کی اجازت دی جائے گی، ان کی پناہ گزینوں کی حیثیت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور جن کے آبائی ممالک کو محفوظ سمجھا جاتا ہے انہیں واپس جانے کیلئے کہا جائے گا۔فی الوقت سیاسی پناہ گزینوں کو 5سال کیلئے عارضی رہائش کی اجازت ملتی ہے جس کے بعد وہ غیر معینہ مدت تک رہائش کی درخواست دے سکتے ہیں۔

شبانہ محمود ابتدائی مدت کو پانچ سال سے کم کر کے اڑھائی سال کرنا چاہتی ہیں جس کے بعد پناہ گزینوں کی حیثیت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گاتاہم وہ برطانیہ میں مستقل رہائش حاصل کرنے میں لگنے والے وقت کو پانچ سال سے بڑھا کر 20 سال کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔شبانہ محمود نے سنڈے ٹائمز کو بتایا کہ یہ اصلاحات بنیادی طور پر لوگوں سے یہ کہنے کیلئے بنائی گئی ہیں کہ غیر قانونی تارکین وطن کے طور پر اس ملک میں نہ آئیں۔اس پالیسی کو ڈنمارک سے نقل کیا گیا ہے جہاں پناہ گزینوں کو عارضی رہائشی اجازت نامہ دیا جاتا ہے جو عام طور پر دو سال کیلئے ہوتا ہے اور ان کی میعاد ختم ہونے پر انہیں دوبارہ پناہ کیلئے درخواست دینی پڑتی ہے ۔شبانہ محمود کے اس نئے نقطہ نظر کو یقینی طور پر کچھ لیبر ممبران پارلیمنٹ کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

==========

courtesy dunya roznama