
توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 10،10 سال قید کی سزا
توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
13جولائی 2024 کو نیب نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں گرفتاری ڈالی تھی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی 37 دن تک اڈیالہ جیل میں نیب کی تحویل میں رہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد نیب نے 20 اگست کو احتساب عدالت میں توشہ خانہ ٹو کیس کا ریفرنس دائر کیا تھا۔
========================

بھارت: کھیت میں کام کرنے والے دوستوں کو ڈیڑھ کروڑ کا ہیرا مل گیا
بھارت میں دو بچپن کے دوستوں کی قسمت اس وقت بدل گئی جب انہوں نے کھیت میں کام کے دوران ایک قیمتی ہیرا دریافت کیا۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع پنا میں پیش آیا، جہاں 24 سالہ ستیش کھٹک اور 23 سالہ ساجد محمد نے کھیت میں معمول کے کام کے دوران 15.3 قیراط کا ہیرا دریافت کیا۔
بعدازاں پنا ڈائمنڈ آفس نے تصدیق کی کہ دریافت ہونے والا ہیرا اصلی ہے، جس کی قیمت تقریباً 60 لاکھ بھارتی روپے (ایک کروڑ 87 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔
حکام کے مطابق اس ہیرے کو آئندہ دنوں میں حکومت کے زیرِ انتظام نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائے گا۔
موجودہ قواعد کے تحت نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کا 88 فیصد حصہ ہیرے کے دریافت کنندگان کو دیا جائے گا، جبکہ 12 فیصد حکومت کے حصے میں جائے گا۔
ضلع پنا میں ایسی نیلامیاں سرکاری نگرانی میں ہر تین ماہ بعد منعقد کی جاتی ہیں۔
ستیش اور ساجد دونوں کا تعلق غریب خاندانوں سے ہے، جن میں سے ایک قصائی کا کام کرتا ہے جبکہ دوسرا پھل فروش ہے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس رقم کو اپنی زندگی بہتر بنانے کے لیے استعمال کریں گے، اور ان کی پہلی ترجیح جائیداد خریدنا نہیں بلکہ اپنی بہنوں کی شادیاں کرنا ہیں۔
واضح رہے کہ ضلع پنا کو بھارت کا ایک معروف ڈائمنڈ بیلٹ سمجھا جاتا ہے، جہاں ماضی میں بھی کئی بار ہیروں کی دریافت ہو چکی ہے، جس کے باعث یہ علاقہ ہیرے کی تلاش کا ایک اہم مرکز تصور کیا جاتا ہے۔


























