
برطانیہ میں تحریک انصاف کا کھیل ! مریم نواز ! افغان بارڈر ! نوازشریف
برطانیہ میں تحریک انصاف کا کھیل ! مریم نواز ! افغان بارڈر ! نوازشریف
===============

چین کی شیڈونگ یونیورسٹی میں پاکستان اسٹڈی سینٹر کا افتتاح،تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے نئے باب کا آغاز
بیجنگ/شیڈونگ: چین کی شیڈونگ یونیورسٹی میں پاکستان اسٹڈی سینٹر کا باضابطہ افتتاح آج پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں شیڈونگ یونیورسٹی کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ وو ژین اور فیکلٹی کے اراکین نے شرکت کی۔
پاکستان اسٹڈی سینٹر کے قیام سے پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔ یہ مرکز تحقیق، مکالمے اور تعلیمی تبادلوں کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرے گا، خاص طور پر زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں میں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر خلیل ہاشمی نے شیڈونگ یونیورسٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم اقدام کی تکمیل میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مختلف شعبوں میں تیزی سے فروغ پا رہے ہیں، بالخصوص تعلیم اور تحقیق کے میدان میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے۔
سفیر پاکستان نے شیڈونگ صوبے کی زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں میں عالمی سطح پر شناخت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹڈی سینٹر کے قیام کے لیے شیڈونگ ایک موزوں مقام ہے۔ انہوں نے عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے میں تعلیمی اداروں اور علمی پلیٹ فارمز کے کردار پر بھی زور دیا۔
پاکستان اسٹڈی سینٹر کا مقصد پاکستان سے متعلق مطالعات، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں اور طلبہ کے باہمی روابط کو فروغ دینا ہے۔ شیڈونگ یونیورسٹی کا متحرک تعلیمی ماحول اور عالمی وژن اس مرکز کی کامیابی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
افتتاح سے قبل سفیر خلیل ہاشمی نے شیڈونگ یونیورسٹی کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ وو ژین سے ملاقات بھی کی، جس میں نئے قائم ہونے والے مرکز کو تعلیم اور تحقیق، خصوصاً زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں میں باہمی مفاد کے لیے استعمال کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں سفیر پاکستان کو شیڈونگ یونیورسٹی میوزیم کا دورہ بھی کرایا گیا۔
اس پوسٹ کو شیئر کریں


























