حسن احمد کا خاندانی نظام پر اظہارِ خیال

نامور اداکار حسن احمد نے حال ہی میں ایک تقریب میں مشترکہ خاندانی نظام سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق مشترکہ اور علیحدہ خاندانی نظام دونوں کے اپنے فوائد اور مسائل رکھتے ہیں، اور یہ فیصلہ حالات کے مطابق کرنا چاہیے کہ کس طرزِ زندگی کو اپنایا جائے۔

اداکار ان دنوں ہم ٹی وی کے ڈرامے ’جمع تقسیم‘ میں اپنی اداکاری کے باعث توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جو مشترکہ خاندانی نظام کی حقیقتوں اور پیچیدگیوں کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کرتا ہے۔
ڈرامے کی خاص بات یہ ہے کہ ہر کردار کی اپنی الگ پہچان اور کہانی ہے، جس سے ناظرین کسی نہ کسی حد تک خود کو جوڑ سکتے ہیں۔

ایک تقریب میں اہلیہ سنیتا مارشل کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے حسن احمد نے بتایا کہ وہ خود اپنے والدین، اہلیہ اور بچوں کے ساتھ مشترکہ خاندانی نظام میں رہتے ہیں اور خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ بڑے خاندانی نظام میں اختلافات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، مگر چھوٹے اور محدود خاندانوں پر مشتمل مشترکہ نظام زیادہ کامیاب اور پُرامن رہتا ہے۔

اداکار کے مطابق خاندانی نظام کی کامیابی کا انحصار باہمی احترام، برداشت اور ہم آہنگی پر ہے، نہ کہ محض رہنے کے انداز پر۔