کراچی – 29 اکتوبر ۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے سندھ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس میوزیم کا دورہ کیا۔ آمد پر کنٹرولر فہیم قریشی اور دیگر افسران نے صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر کو پرنٹنگ پریس میوزیم کی تاریخی اہمیت اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کنٹرولر فہیم قریشی نے بتایا کہ سندھ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس میوزیم ایشیا کا پہلا پرنٹنگ میوزیم ہے، جس میں 1830 سے 1954 تک کی 54 قدیم پرنٹنگ مشینیں محفوظ کی گئی ہیں۔ ان میں سے 1830 کی ایک تاریخی پرنٹنگ مشین کو اصل حالت میں بحال کیا گیا ہے۔
اس موقع پر جام اکرام اللہ دھاریجو نے میوزیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور کہا کہ اس میوزیم میں پرنٹنگ کے ارتقاء سے لے کر ڈیجیٹل دور تک کی مکمل تاریخ محفوظ ہے، جو تحقیق اور علم کے متلاشیوں کے لیے قیمتی سرمایہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت سندھ اور عوام کے لیے باعثِ فخر بات ہے کہ ایشیا کا پہلا پرنٹنگ پریس میوزیم کراچی میں قائم ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ تحریر کے ارتقاء اور طباعت کی تاریخ میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے یہاں بے پناہ معلوماتی مواد موجود ہے۔
Load/Hide Comments























