تعلیم میں والدین کا کردار اہم، مادری زبان کو اپنائے بغیر بچوں کی تخلیقی صلاحیت کو نکھارنا ممکن نہیں۔ وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ
کراچی (28 اکتوبر 2025) — تعلیمی ماہرین اور محققین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ابتدائی تعلیم مادری زبان میں دینے سے بچوں کی سیکھنے، سوچنے اور شخصیت نکھارنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مؤثر طریقے کو کامیاب بنانے کے لیے والدین کی توجہ اور حکومتی سرپرستی ضروری ہے۔
یہ بات ڈیٹا اینڈ ریسرچ ان ایجوکیشن – ریسرچ کنسورشیم (DARE-RC) اور یو کے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کے اشتراک سے کراچی میں منعقدہ پالیسی ڈائیلاگ کے دوران کہی گئی، جس میں وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ مکالمے کا موضوع تھا: “اساتذہ، والدین اور کمیونٹی کے نقطۂ نظر: کثیراللسانی نظامِ تعلیم میں زبان کی پالیسی کے کمزور پہلو”۔
مکالمے میں سماجی شخصیت شہزاد راۓ، ایم ڈی سندھ ایجوکیشن گہنور لغاری، سابق وزیرِ تعلیم رعنا حسین سمیت مختلف جامعات اور اداروں کے ماہرین نے شرکت کی۔ گفتگو کے دوران تعلیمی اصلاحات، زبان کی پالیسی، اور اساتذہ و والدین کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ “علم کی منتقلی ہمیشہ زبان کے ذریعے ہی ممکن ہوئی ہے۔ بچے کی مادری زبان نہ صرف اس کی سمجھنے اور اظہار کی صلاحیت کو مضبوط کرتی ہے بلکہ اس کے اعتماد اور کارکردگی میں بھی اضافہ کرتی ہے۔” انہوں نے کہا کہ “والدین نے انگریزی کو اہلیت کا معیار بنا کر بچوں کی تخلیقی سوچ محدود کر دی ہے، جبکہ مادری زبان اور ثقافت سے جڑاؤ بچوں کی فکری نشوونما کے لیے ضروری ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں مادری زبان کے فروغ کے لیے قانون موجود ہے جسے مشاورت سے مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے، اور صوبے کے اقدامات دیگر صوبوں کے مقابلے میں نمایاں ہیں۔
دوربین کی سی ای او سلمہ شہزاد نے کہا کہ فاؤنڈیشنل لرننگ میں مادری زبان کی اہمیت کلیدی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے، خصوصاً نیشنل لینگویج پروسیسنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے، بچوں کو مادری زبان میں دلچسپ اور ڈیجیٹل انداز میں سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔
مقررین نے زور دیا کہ تعلیم و زبان سے متعلق پالیسی اصلاحات کے لیے تحقیق، اعداد و شمار کے تجزیے، اور شواہد پر مبنی تجاویز کو ترجیح دینے سے فاؤنڈیشنل لرننگ کے نظام کو مضبوط بچے کی صلاحیت کو نکھارنا ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
























