وفاقی اردو یونیورسٹی میں منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی پروگرام کا انعقاد
کراچی :وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس اور ٹیکنالوجی میں منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام انسدادِ منشیات فورس، حکومتِ پاکستان اور اعلیٰ تعلیم کمیشن کے تعاون سے منعقد ہوا، جس میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔
پروگرام کی مقررہ محترمہ ندا امین (اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے این ایف) نے طلبہ کو منشیات کے معاشرتی و نفسیاتی نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لت فرد، خاندان اور معاشرے کے لیے تباہ کن نتائج لاتی ہے، اس لیے تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے آگاہی مہمات انتہائی ضروری ہیں۔
ماہرِ نفسیات محترم محمد معاذ نے منشیات کے ذہنی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ منشیات کا استعمال انسان کی شخصیت، فیصلوں اور رویوں پر گہرا اثر ڈال دیتا ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کے رویوں میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی پر فوری توجہ دیں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔
رجسٹرار ڈاکٹر سعدیہ خلیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ اردو اپنے طلبہ کو نہ صرف تعلیمی بلکہ سماجی طور پر بھی مضبوط بنانے کے لیے ایسے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے انسدادِ منشیات فورس کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف ایک مضبوط پیغام ہے۔
ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی ہمیشہ ایسے پروگرامز کے انعقاد کی حامی رہی ہے جو طلبہ کی کردار سازی، شعور اور مثبت رویوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرہ ہی ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے۔
تقریب میں میزبانی کے فرائض ڈاکٹر صائمہ خالق اور ڈاکٹر عطیہ حسن نے انجام دیے – تقریب میں کیمپس انچارج محمد عدنان اختر ، ذیشان احمد،قرۃ العین ،محمد عابد اور دانیال احمد کو سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا جبکہ مہمانوں میں شیلڈ تقسیم کی گئی ۔
پروگرام کے اختتام پر واک کا اہتمام کیا گیا واک میں اساتذہ اور طلبہ طالبات بڑی تعداد میں شریک تھے ۔
#FUUAST #DrugAwarenessProgram #AntiNarcoticsForce #EducationMatters #YouthEmpowerment #SocialAwareness #Pakistan #DrugFreeSociety #UniversityLife #AwarenessWalk #CertificatesAwarded #ShieldDistribution #FacultyAndStudentsUnited
Load/Hide Comments























