بھارت میں ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں کے ساتھ ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جب ہوٹل میں کھانے کے دوران اچانک چوہا آ گیا۔
وشاکاپٹنم کے ایک ہوٹل میں کھانا کھاتے ہوئے آسٹریلوی کھلاڑیوں نے جیسے ہی ڈائننگ ٹیبل کے قریب چوہا دیکھا تو شور مچا دیا۔ خوف زدہ کھلاڑی کرسیوں پر چڑھ گئیں جبکہ ہوٹل کا عملہ چوہے کو پکڑنے کے لیے دوڑتا رہا۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں کھلاڑیوں نے بتایا کہ وہ ڈنر ختم کر کے اٹھنے ہی والے تھے کہ اچانک چوہا آ گیا۔ پہلے تو سب نے سمجھا کہ وہ چلا گیا ہے لیکن جب وہ دوبارہ نظر آیا تو سب چیخنے لگیں۔
واقعے کے بعد بھارتی ہوٹل کی صفائی کے معیار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مزاحیہ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔























