غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منصوبہ بندی جنگ کے خاتمے کی جامع نظر ہے۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا منصوبہ خطے میں امن کی نئی راہیں کھول سکتا ہے، امریکی صدر کی امن کوششوں کو سراہتے ہیں۔

قبل ازیں روس نے بھی امریکی صدر ٹرمپ کے20 نکاتی منصوبے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
ترجمان کریملن کے مطابق صدر ٹرمپ کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، ٹرمپ کا منصوبہ غزہ کی جنگ ختم کرنے کیلئے ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ منصوبہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کا باعث بنے گا

دوسری جانب برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ میں امن کے لیے 20 نکاتی منصوبہ پیش کرنے پر کہا ہے کہ تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اکٹھے ہوں۔
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اسے حقیقت بنانے میں امریکی انتظامیہ سے مل کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ حماس کو اب اس منصوبے سے اتفاق کرنا چاہیے، حماس کو ہتھیار ڈال کر اور یرغمالیوں کو رہا کرکے مصائب کا خاتمہ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے غزہ میں امن کے لیے 20 نکاتی منصوبہ پیش کیا ہے، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بھی اس امن منصوبے سے اتفاق کیا ہے۔
Courtesy ary news urdu ……























