دبئی ایئرپورٹ پر سخت سکیورٹی: ممنوعہ اشیاء اور قواعد کی تفصیل جاری

ایئرپورٹ پر سفر کرنے والے ہر شخص کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ بغیر کسی رکاوٹ یا پریشانی کے جلد از جلد اپنی منزل تک پہنچ جائے۔

دنیا بھر میں معروف دبئی ایئرپورٹ ہر وقت مسافروں کے ہجوم سے بھرا رہتا ہے، لیکن اس بھیڑ کے باوجود یہاں قوانین پر سختی سے عمل ہوتا ہے اور ذرا سی نرمی کی گنجائش نہیں ہوتی۔

دبئی ایئرپورٹ سے بلا تاخیر اور کسی مشکل کے بغیر سفر کرنے کے لیے مسافروں کو خاص احتیاط برتنی چاہیے کیونکہ یہاں بہت سی اشیاء ساتھ لے جانا ممنوع ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی ایئرپورٹ انتظامیہ کے پاس ممنوعہ سامان کی ایک فہرست موجود ہے جس پر سختی سے عمل کرایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ اشیاء کے لیے مقدار کی حد بھی مقرر ہے۔

مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ پر دھاتی زیورات یا دھات کی دیگر چیزیں پہننے سے حتی الامکان گریز کریں، اور اگر پہن رکھی ہیں تو اسکریننگ مشین سے گزرنے سے قبل اتار دیں تاکہ وقت ضائع نہ ہو۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر اپنے ذاتی موبائل کے علاوہ زیادہ سے زیادہ 15 نئے موبائل فون اپنے سامان میں رکھ سکتے ہیں، اور یہ لازمی ہے کہ وہ مینوفیکچرر کی پیکنگ میں ہوں، ورنہ وہ ضبط ہو سکتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر مسافر کے پاس سفر کے دوران ادویات ہوں تو اسے ڈاکٹر کا نسخہ یا سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنا چاہیے۔

ممنوعہ اشیاء میں چھریاں، چاقو، ہتھوڑے، کیل، اسکرو ڈرائیور، تیز دھار آلات، بلیڈ، قینچیاں، ہتھکڑیاں، اسلحہ، لیزر گن، واکی ٹاکیز، مارشل آرٹ کا سامان، رسیاں، ناپنے والا ٹیپ، لائٹر، پیکنگ ٹیپ اور ہر قسم کی الیکٹریکل کیبلز شامل ہیں۔