متحدہ عرب امارات میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے دبئی اور شارجہ ایئرپورٹس نے ہینڈ بیگ اور چیک ان بیگ میں ممنوعہ اور مشروط اشیاء کی تازہ فہرست جاری کردی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق یہ اقدام مسافروں کے محفوظ اور بے رکاوٹ سفر کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اکتوبر سے ایمریٹس کی پروازوں میں پاور بینک کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی، البتہ مخصوص حد کے اندر پاور بینک ساتھ لے جانے کی اجازت دی جائے گی، لیکن دورانِ پرواز استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
دبئی ایئرپورٹ کے مطابق ہینڈ بیگیج میں ہتھوڑی، کیل، سکریو ڈرائیور، تیز دھار اوزار، 6 سینٹی میٹر سے لمبے بلیڈ والی قینچیاں، ذاتی صفائی کے بڑے آلات، تلواریں، نوکیلی اشیاء، ہتھکڑیاں، آتشیں اسلحہ، فلیئر گن کارتوس، لیزر گن، واکی ٹاکی، لائٹر، بیٹ، مارشل آرٹس ہتھیار، ڈرل مشین، رسیاں، ماپنے کی ٹیپ اور غیر ضروری برقی تاریں ممنوع ہیں۔
مائع اشیاء کی حد فی بوتل 100ml اور زیادہ سے زیادہ ایک لیٹر ہے، جبکہ ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر دوائی لے جانا منع ہے۔ پاور بینک 100Wh سے کم طاقت کا ہو، 100Wh سے 160Wh تک اجازت ایئرلائن سے لینی ہوگی، اس سے زیادہ مکمل طور پر ممنوع ہے۔
شارجہ ایئرپورٹ پر ہر قسم کے بیگ میں لاٹھیاں، بیس بال بیٹ، آتش گیر گیس، گیس لائٹر، خطرناک کیمیکلز، دھماکہ خیز مواد، اسلحہ، بڑی چھریاں، آکسیجن سلنڈر، تابکار اشیاء، زہریلی گیسیں، متعدی مواد، آتش بازی اور ہتھیار نما اشیاء ہر صورت میں ممنوع ہیں۔
مائع اشیاء کے لیے وہی 100ml فی بوتل اور ایک لیٹر کی حد برقرار ہے اور انہیں شفاف دوبارہ بند ہونے والے پلاسٹک بیگ میں الگ رکھنا لازمی ہوگا۔ ادویات اور خصوصی خوراک کے لیے نسخہ یا ڈاکٹر کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔
ایئرپورٹ حکام نے مشورہ دیا ہے کہ مسافر اپنا سامان روانگی سے پہلے دوبارہ چیک کریں اور اپنی ایئرلائن سے تازہ ہدایات ضرور حاصل کریں کیونکہ بعض قوانین ایئرلائن کے لحاظ سے مختلف ہو سکتے ہیں۔























