دبئی سے سنگاپور جانے والی پرواز کی بزنس کلاس میں ایک مسافر کو مبینہ طور پر بیگ چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ہونے والا 25 سالہ چینی شہری ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے ساتھ سفر کرنے والے مسافر کے اوور ہیڈ کمپارٹمنٹ سے بیگ چرا لیا۔
سنگاپور کے مقامی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں 9 اگست کی صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے اس واقعے کی اطلاع ملی۔
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ بیگ کا مالک اُس وقت سو رہا تھا، جب ملزم نے اس کا بیگ اٹھایا۔ بیگ مالک کی اہلیہ نے اسے یہ حرکت کرتے دیکھا اور فوراً روک کر بیگ واپس رکھنے کا کہا۔
اس کے بعد خاتون نے اپنے شوہر کو جگا کر معاملے سے آگاہ کیا۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ واقعہ کس ایئر لائن میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق، جب جہاز سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ پر اترا تو ملزم بیگ اٹھانے کے بارے میں کوئی تسلی بخش وضاحت نہ دے سکا، جس پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔























