پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب کے باعث دبئی میٹرو کے اوقات میں اضافہ
دبئی کے ایکسپو سٹی میں پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کی شاندار تقریب اتوار، 10 اگست کو منعقد ہوگی جس میں 60 ہزار سے زائد افراد کے شامل ہونے کی توقع ہے۔ اس بڑے ثقافتی پروگرام میں یو اے ای کے وزیر برائے رواداری، شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان، اور پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔
یہ تقریب “Emirates Loves Pakistan” کے عنوان سے منعقد کی جائے گی اور اسے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کی معاونت اور دبئی پولیس کی مدد سے منظم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر صوفی موسیقی، روایتی رقص اور دیگر فنون کی بھرپور نمائش کی جائے گی، جبکہ پاکستانی فنکار ساحر علی بگا، نتاشا بیگ اور یوسف بشیر قریشی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات دیے جائیں گے۔
شرکاء کی سہولت کے لیے دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے خصوصی اقدامات کیے ہیں جن میں دبئی میٹرو کے اوقات میں توسیع شامل ہے۔ اتوار کی رات میٹرو آدھی رات کی بجائے پیر کی صبح 2 بجے تک چلتی رہے گی۔ نیز، ایکسپو سٹی کے اردگرد اضافی ٹیکسی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام کو پبلک ٹرانسپورٹ کے مزید آپشنز میسر ہوں اور تقریب میں آسانی سے شرکت ممکن ہو سکے۔























