پنجاب میں گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع، سکول اب یکم ستمبر کو کھلیں گے

پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے صوبے بھر کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب اسکول 14 اگست کے بجائے یکم ستمبر سے دوبارہ کھلیں گے۔

رانا سکندر حیات نے یہ اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور فیس بک کے ذریعے کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ یہ فیصلہ موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، اور اس کا اطلاق پورے پنجاب کے تعلیمی اداروں پر ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے 14 اگست تک مقرر کی گئی تھیں، اور تعلیمی سرگرمیاں 15 اگست سے دوبارہ شروع ہونا تھیں۔ تاہم موجودہ اعلان کے بعد اب سکول یکم ستمبر سے کھلیں گے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔