پنجاب میں سکولوں کی چھٹیوں میں توسیع کا امکان، 31 اگست تک بندش زیر غور

صوبہ پنجاب میں تعلیمی اداروں کی گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کرنے کے حوالے سے غور و فکر شروع ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے اسکولوں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اختتام قریب ہے، لیکن 15 اگست سے سکول کھولنے کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب شدید گرمی اور حبس کو بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ سمجھتے ہوئے تعطیلات میں اضافے کا امکان دیکھ رہا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم، رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کی مدت کے بارے میں فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا اور اس میں موجودہ موسم، والدین کی آراء اور محکمہ موسمیات کی رپورٹس کو مدنظر رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ حکومت پنجاب نے 28 مئی کو موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت اسکولوں کو 28 مئی سے 14 اگست تک بند رکھا گیا تھا، اور 15 اگست سے دوبارہ کھولنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

دوسری جانب، سندھ اور بلوچستان میں گرمیوں کی چھٹیاں مکمل ہو چکی ہیں اور تعلیمی ادارے یکم اگست سے فعال ہو چکے ہیں۔ سندھ کے محکمہ تعلیم نے 1 جون سے 31 جولائی تک تعطیلات کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد طلبہ یکم اگست سے سکولوں میں واپس آنا شروع ہو گئے، جبکہ کراچی میں زیادہ تر نجی اسکولز 4 اگست سے دوبارہ کھلے۔