سوشل میڈیا اسٹار کی 10 کروڑ کی لیمبورگینی میں آگ بھڑک اٹھی

بھارتی شہر بنگلور میں مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر سنجیو کی لگژری گاڑی لیمبورگینی ایونٹاڈور میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس کی مالیت تقریباً 10 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں سنجیو — جو آن لائن دنیا میں نیما منے مگا سنجو کے نام سے جانے جاتے ہیں — کی گاڑی شعلوں میں لپٹی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔

ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی گئیں، اور بعض نے دعویٰ کیا کہ گاڑی مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی ہے۔ تاہم، بعد میں سنجیو نے خود وضاحت دی کہ آگ سے صرف معمولی نقصان ہوا ہے اور گاڑی مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، فی الحال لیمبورگینی میں آگ لگنے کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی، اور تحقیقات جاری ہیں۔

سنجیو انسٹاگرام پر دو لاکھ سے زائد فالوورز رکھتے ہیں اور اپنی پرتعیش کاروں کے ذخیرے اور سونے کے زیورات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خاصے مشہور ہیں۔