بہار کے ہونہار نوجوان نے کباڑ سے اڑنے والا طیارہ تیار کر لیا

بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے ایک باصلاحیت نوجوان نے نہ ڈگری حاصل کی، نہ فنڈنگ ملی، نہ کوئی لیبارٹری دستیاب تھی — پھر بھی اُس نے صرف کباڑ میں ملنے والے پرزوں سے ایک مکمل اڑنے والا جہاز بنا کر سب کو حیران کر دیا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نوجوان نے ناکارہ پنکھوں، پرانی موٹرز اور استعمال شدہ صنعتی سامان کو نہ صرف نئے انداز میں ڈیزائن کیا بلکہ انہیں جوڑ کر ایک مکمل طیارہ تشکیل دیا جو عملی طور پر پرواز کرنے کے قابل ہے۔

اس غیر معمولی کارنامے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس میں نوجوان کو اپنے تیار کردہ طیارے پر سوار ہوتے اور اسے چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ انٹرنیٹ صارفین نے نوجوان کی ذہانت، محنت اور تخلیقی صلاحیت کو خوب سراہا۔

بہت سے افراد نے حکومت اور نجی صنعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے ہنرمند نوجوانوں کو نہ صرف مالی معاونت دی جائے بلکہ انہیں جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو قومی سطح پر اجاگر کر سکیں۔