تھائی لینڈ میں ایک شخص، جو بیوی سے علیحدگی کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور صرف بیئر پر گزارا کر رہا تھا، اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
44 سالہ تھاوے سک نام وونگسا کی لاش اس کے بیڈروم سے ملی۔ اہل خانہ کے مطابق وہ پچھلے کئی ہفتوں سے کھانے سے انکار کرتے ہوئے صرف بیئر پی رہا تھا۔ وہ بیوی سے طلاق کے بعد گہرے صدمے میں تھا۔
متوفی کے 16 سالہ بیٹے نے اپنے والد کو بے ہوش پایا اور فوری طور پر ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی، مگر امداد پہنچنے سے قبل ہی وہ دم توڑ چکا تھا۔
پولیس کے مطابق، لڑکا روزانہ اپنے والد کو کھانا کھلانے کی کوشش کرتا رہا، لیکن وہ ہر بار انکار کر دیتا۔ کمرے سے 100 سے زائد خالی بیئر کی بوتلیں ملی ہیں، جنہیں فرش پر اس طرح ترتیب دیا گیا تھا کہ بستر تک پہنچنے کے لیے ایک تنگ راستہ باقی رہ گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، تاہم ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ شراب نوشی کی زیادتی ہی جان لیوا ثابت ہوئی۔


























