مدھیا پردیش: گھوڑوں کی لڑائی کا انوکھا انجام، ایک رکشے میں جا گھسا

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر جبل پور میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب دو گھوڑوں کے درمیان ہونے والی لڑائی نے پورے علاقے کو حیران کر دیا۔ لڑائی کے دوران ایک گھوڑا اچانک بےقابو ہو کر سڑک پر کھڑے رکشے میں جا پھنسا، جبکہ دوسرا گھوڑا ایک چلتی گاڑی میں کود گیا، جس کے باعث دو افراد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گھوڑے کس طرح جھگڑتے ہوئے قریبی شوروم میں گھس گئے اور املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لڑائی کے دوران رکشے میں پھنسنے والا گھوڑا کئی منٹوں تک وہیں پھنسا رہا، جب تک مقامی افراد نے مداخلت کر کے اسے باہر نہ نکالا۔ زخمی گھوڑے کو تقریباً 20 منٹ بعد نکالا گیا، اس دوران زخمی افراد کو بھی فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق یہ گھوڑے گزشتہ تین دنوں سے شہر میں آپس میں لڑتے دکھائی دے رہے تھے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو شکایات درج کرائی جا چکی تھیں لیکن اب تک کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی۔