متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں رہائشی ویزوں کی تجدید اب ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی سے مشروط کر دی گئی ہے۔ اماراتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی حکام ایک نیا سسٹم متعارف کرا رہے ہیں جس کے تحت وہ افراد جو ویزہ کی تجدید یا اجرا کے خواہشمند ہیں، انہیں پہلے اپنے زیر التواء ٹریفک چالان کلیئر کروانے ہوں گے۔
یہ نظام رہائشی عمل کو مکمل طور پر روکنے کے بجائے، غیر ملکیوں کو اس بات کی ترغیب دیتا ہے کہ وہ اپنے جرمانے مکمل ادا کریں یا اقساط میں ادا کرنے کا منصوبہ اختیار کریں۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں میں قانون پسندی اور نظم و ضبط کو فروغ دینا ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز
(GDRFA)
کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ پالیسی عوام کی سہولت کے لیے ہے، نہ کہ ان پر بوجھ ڈالنے کے لیے۔ ان کے بقول، ’’ہم یہاں لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں، لیکن قانون پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنانا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی پر بھاری جرمانہ ہے تو وہ آسان اقساط میں بھی ادائیگی کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’جو لوگ ملک میں وقار اور قانون کے دائرے میں رہ کر زندگی گزارنا چاہتے ہیں، ان کے لیے یہ پالیسی مددگار ثابت ہوگی۔‘‘
لیفٹیننٹ جنرل المری نے خبردار کیا کہ جو افراد جرمانوں کی ادائیگی میں ناکام رہیں گے، انہیں مستقبل میں سفری مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، خصوصاً جب وہ یو اے ای چھوڑ کر اپنے وطن واپس جانا چاہیں۔ اس لیے تمام رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے تمام بقایا جات بروقت ادا کریں تاکہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔























