گینگر کے دیوانے ہانگ کانگ کے شہری نے نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ سینگ چیوک ٹِپ نے اپنے پسندیدہ پوکیمون “گینگر” سے محبت کا منفرد اظہار کرتے ہوئے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

سینگ چیوک ٹِپ نے گینگر سے متعلق 1,200 اشیاء جمع کر کے دنیا کا سب سے بڑا کلیکشن بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

گینیز ورلڈ ریکارڈ سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ان کا گینگر سے لگاؤ اس وقت شروع ہوا جب وہ محض 8 برس کے تھے، جب یہ کردار پہلی بار پوکیمون سیریز میں متعارف کروایا گیا تھا۔

سینگ نے بتایا کہ ان کی والدہ ایک دن پوکیمون کھلونوں کے ساتھ ایک چمکدار، گہرے جامنی رنگ کی شبیہہ لائیں، جو فوراً ان کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ بعد ازاں، ویڈیو گیمز کھیلتے ہوئے انہیں معلوم ہوا کہ گینگر نہ صرف ایک مضبوط پوکیمون ہے بلکہ اس میں کئی منفرد خصوصیات بھی موجود ہیں۔

اسی دلچسپی نے انہیں گینگر سے متعلق لائسنس یافتہ یادگاروں کو جمع کرنے پر آمادہ کیا، جن میں کھلونے، کارڈز، ملبوسات، اسٹیشنری اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔

سینگ پچھلے 22 سال سے اس نایاب کلیکشن کو مرتب کر رہے ہیں، اور اب یہ شوق انہیں دنیا بھر میں پوکیمون شائقین میں منفرد مقام دلا چکا ہے۔