گھونگوں کی مزاحیہ دوڑ: چینچ نے سست ترین ریس جیت لی

برطانیہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں نورفوک میں دنیا کی منفرد ترین اسپورٹس ایونٹ ورلڈ سنیل ریسنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں گھونگوں نے اپنی سست روی کے باوجود تماشائیوں کو حیران، پریشان اور محظوظ کیے رکھا۔

ریس میں “چینچ” نامی گھونگا سب سے پہلے مقررہ حد تک پہنچا اور چیمپئن قرار پایا۔ دلچسپ مقابلے میں گھونگے “دوڑنے” کے بجائے مخصوص انداز میں رینگتے ہوئے آگے بڑھتے رہے، کیوں کہ ان کے پاس دوڑنے کا آپشن ہی نہیں ہوتا۔

یہ سست ترین ریس ایک گیلے کپڑے سے ڈھکے ہوئے ٹیبل پر منعقد ہوئی، جس پر اندرونی سرخ دائرے سے ریس شروع ہوئی اور گھونگوں کو بیرونی سیاہ دائرے تک پہنچنا تھا۔ شرکا میں لندن، فرانس اور جنوبی کوریا سے آئے گھونگے بھی شامل تھے۔

ریس کا آغاز
“Ready, Steady, Slow”
کی منفرد صدا کے ساتھ ہوا، جب کہ اس دوران موسلا دھار بارش بھی ہو رہی تھی، مگر شائقین جوش و خروش کے ساتھ مقابلے کو دیکھتے رہے۔

ایونٹ کے منتظم نکولس ڈکنسن نے بتایا کہ گھونگے بارش والے اور نم ماحول کو پسند کرتے ہیں، اسی لیے آج کا موسم ان کے لیے بالکل موزوں تھا، جس نے ریس کو مزید دل چسپ بنا دیا۔