گمشدہ بلی کے جعلی اشتہار والی ٹی شرٹ نے خاتون کو مشکلات میں ڈال دیا

امریکا میں ایک خاتون اُس وقت الجھن کا شکار ہوگئیں جب ان کا فون نمبر ایک گمشدہ بلی کے جعلی اشتہار کے ساتھ ایک ٹی شرٹ پر شائع ہوگیا۔

نتاشہ لیووئی اور ان کے ساتھی جونتھن مک کرچ کے مطابق، انہیں درجنوں ایسے افراد کی کالز موصول ہوئیں جنہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ان کی بلی “ٹوربو” کو ڈھونڈ لیا ہے۔ لیکن اصل میں ان کی بلی کا نام “ماؤزر” ہے، اور وہ نہ صرف بالکل ٹھیک بلکہ اپنے گھر میں ایئر کنڈیشنڈ ماحول میں موجود ہے۔

نتاشہ نے بتایا کہ بعض دنوں میں انہیں چھ سے زائد کالز موصول ہوتی ہیں، جن میں کال کرنے والے دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں بلی مل گئی ہے اور اس کے بدلے رقم بھی طلب کرتے ہیں۔

تحقیقات سے پتہ چلا کہ ایک کمپنی “وسڈم این وائی” کی فروخت کردہ ٹی شرٹ پر ان کا فون نمبر ایک گمشدہ بلی کے جعلی اشتہار کے ساتھ پرنٹ ہوگیا ہے۔ اس شرٹ پر بلی کا فرضی نام ٹوربو لکھا گیا ہے، اور ساتھ میں نتاشہ کا اصل نمبر موجود ہے۔

کمپنی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ یہ نمبر جان بوجھ کر شامل نہیں کیا گیا تھا، اور اب ان تمام شرٹس کو آن لائن اسٹورز سے ہٹا لیا گیا ہے۔

دوسری جانب نتاشہ نے نمبر تبدیل کرنے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ ان کا موجودہ نمبر ان کے علاقے کے مخصوص کوڈ سے ہے، جو دوبارہ حاصل کرنا مشکل ہے۔