تاریخی ڈائناسور ڈھانچے کی ریکارڈ قیمت 30.5 ملین ڈالر میں نیلامی

دنیا بھر میں دلچسپی کا مرکز بننے والا سریٹو سارس نامی گوشت خور ڈائناسور کا فوسل حیران کن قیمت پر نیلام ہو گیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فوسل کو 30.5 ملین امریکی ڈالر میں فروخت کیا گیا — یہ اب تک نیلام ہونے والے تقریباً مکمل ڈائناسور ڈھانچوں میں سب سے قیمتی سمجھا جا رہا ہے۔

نیلامی کا انعقاد کرنے والے ادارے نے بتایا کہ سریٹو سارس کا یہ ڈھانچہ 139 ہڈیوں پر مشتمل ہے، جن میں سے 57 صرف اس کے کھوپڑی میں موجود ہیں۔ ڈائناسور کی لمبائی تقریباً 10 فٹ 8 انچ ہے، اور اسے ایک طاقتور گوشت خور مخلوق سمجھا جاتا ہے۔

یہ فوسل 1996 میں دریافت ہوا تھا، اور ماہرین کے مطابق اس کا تعلق 150 ملین سال قبل کے آخری جراسک دور سے ہے۔ اس کی مکمل ساخت اور عمدہ حالت کی بدولت یہ دنیا بھر کے ماہرینِ حیاتیات، عجائب گھروں اور جمع کرنے والوں کی توجہ کا مرکز رہا۔