شہری ای چالان کے بھاری جرمانوں سے پریشان ہیں، لیکن اسی ای چالان نے ایک ایسا کام انجام دے دیا جو ڈھائی سال سے نہیں ہو پا رہا تھا۔
کراچی میں رواں برس اکتوبر میں ای چالان کا نظام شروع کیا گیا اور مختلف مقامات پر کیمرے لگا کر مانیٹرنگ کے ذریعے قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کو گھر بیٹھے بھاری جرمانوں کے چالان بھیجنا شروع کر دیے گئے۔ شہری ان جرمانوں سے پریشان ہیں، تاہم اسی نظام نے ایک نوجوان کی ڈھائی سال پرانی پریشانی کا خاتمہ کر دیا۔
واقعہ کچھ یوں ہے کہ کراچی میں ڈھائی سال قبل ایک موٹر سائیکل چوری ہوئی تھی جو برآمد تو نہ ہو سکی، لیکن ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل کے اصل مالک کے گھر پانچ ہزار روپے کا چالان ضرور پہنچ گیا۔
نوجوان کی چوری شدہ بائیک پر ایک نامعلوم شخص بغیر ہیلمٹ پنجاب چورنگی سے گزرا، کیمرے نے یہ خلاف ورزی پکڑی اور ای چالان تیار ہو کر مالک کے پتے پر پہنچ گیا۔
متاثرہ نوجوان کی یہ موٹر سائیکل یکم اپریل 2023 کو ایف بی ایریا بلاک 14 سے چوری ہوئی تھی، لیکن بہت تگ و دو کے باوجود گاڑی کی چوری کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔
تاہم ای چالان کا کمال یہ ہوا کہ جیسے ہی یہ خبر میڈیا کی زینت بنی، پولیس ہوش میں آگئی اور تقریباً تین سال قبل چوری ہونے والی موٹر سائیکل کا باضابطہ مقدمہ عزیز آباد تھانے میں درج کر کے کیس اے وی ایل سی حکام کے حوالے کر دیا۔
واضح رہے کہ اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ یکم نومبر کو بھی پیش آیا تھا، جب چار سال قبل چوری ہونے والی موٹر سائیکل کے سوار کا ہیلمٹ نہ پہننے پر پانچ ہزار روپے کا ای چالان ہوا تھا، جو اس کے اصل مالک کے گھر پہنچا تھا۔


























