کیرالہ میں پہلا طلاق کیمپ

بھارتی ریاست کیرالہ میں پہلی بار طلاق یافتہ خواتین کے لیے ایک خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں خواتین نے اپنی زندگی کے نئے باب کا آغاز منایا اور اپنے ماضی کے دکھوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بانٹا۔

طلاق کو اکثر معاشرے میں ناکامی سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر خواتین کے لیے جو طلاق کے بعد تنقید، شرمندگی اور سوالات کا شکار ہوتی ہیں۔ لیکن کیرالہ میں ایک منفرد اور حوصلہ مند اقدام نے اس تصور کو چیلنج کیا ہے۔

کیریکٹر کریئیٹر رافیہ، جو کیلیکٹ سے تعلق رکھتی ہیں، نے
‘Break Free Stories’
کے تحت طلاق یافتہ خواتین کے لیے پہلا کیمپ منعقد کیا، جس میں ایسی خواتین شامل تھیں جنہوں نے طلاق، علیحدگی یا بیوگی کا سامنا کیا تھا اور جنہوں نے اپنی ناکام شادی کو بوجھ کے بجائے جشن کی طرح منایا۔

یہ کیمپ مئی 2025 میں کیرالہ کے ایرناکولم ضلع کے خوبصورت پہاڑی مقام پر منعقد ہوا، جہاں 17 خواتین نے شرکت کی۔ ان خواتین نے مل کر سفر کیا، کیمپنگ کی اور دو دن قہقہوں، کہانیوں اور جذباتی بات چیت میں گزارے۔

یہ پروگرام ایک محفوظ اور غیر جانبدار ماحول فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا جہاں ہر خاتون اپنے ماضی کے فیصلوں پر فخر کر سکتی تھی اور کسی بھی طرح کی شرمندگی محسوس نہیں کرتی تھی۔

کیمپ کی ایک شریک خاتون صوفیہ نے بتایا کہ ان کی شادی صرف 17 سال کی عمر میں ہوئی تھی کیونکہ ان کی رنگت سنہری نہیں تھی۔ وہ 2023 میں طلاق یافتہ ہوئیں اور بعد میں ڈپریشن کا شکار ہوئیں، لیکن اس کیمپ میں شرکت کے بعد پہلی بار خود کو آزاد اور خوش محسوس کیا۔

صوفیہ نے کہا کہ وہ پہلے خاندانی اجتماعات میں جانا چھوڑ چکی تھیں کیونکہ ہر جگہ انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا تھا، لیکن کیمپ میں آ کر انہیں لگا کہ وہ اکیلی نہیں ہیں۔

کیمپ کی بانی رافیہ خود بھی طلاق یافتہ ہیں اور کہتی ہیں کہ کیرالہ میں طلاق کے بارے میں بات کرتے ہی لوگ افسوس کا اظہار کرتے ہیں، مگر انہیں کسی کے افسوس کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ ان کی اپنی زندگی کا فیصلہ تھا۔

رافیہ نے کہا کہ انہوں نے خواتین کے اتحاد اور آپس میں مدد کی طاقت پر یقین رکھتے ہوئے یہ کیمپ شروع کیا تاکہ خواتین ایک دوسرے کے زخم بھر سکیں۔

رافیہ کے مطابق انسٹاگرام پر کیمپ کا اعلان کرنے پر سیکڑوں خواتین نے رابطہ کیا، اور مئی کے بعد جون میں دوسرا کیمپ بھی منعقد کیا گیا جس میں مزید سرگرمیاں شامل تھیں۔ آئندہ کیمپ 19 اور 20 جولائی کو منعقد ہوگا۔