کنسرٹ کے شوقین ریچھ کولوراڈو کے ریڈ راکس تھیٹر پہنچ گئے

امریکی ریاست کولوراڈو میں واقع معروف ریڈ راکس ایمفی تھیٹر کے باہر لائیو میوزک سننے کے شوقین دو ریچھ اچانک مداحوں کے ہجوم میں شامل ہو گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انوکھا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب لوگ ’’اِن ٹو دا وائلڈ ٹور 2025ء‘‘ کے کنسرٹ میں داخلے کا انتظار کر رہے تھے۔ اسی دوران شائقین نے موریسن میں کنسرٹ مقام کے باہر دو بےخوف ریچھوں کو آزادانہ گھومتے دیکھا۔

ریڈ راکس کے ایک اسٹاف ممبر جون ایمنڈسن نے بتایا کہ اس نے ایک ریچھ کی تصویر بھی لی، جو پرسکون انداز میں قطار کی طرف بڑھ رہا تھا۔ ان کے مطابق دونوں ریچھ نہ تو خوفزدہ تھے اور نہ ہی انہوں نے کسی جارحانہ حرکت کا مظاہرہ کیا۔ بلکہ وہ آپس میں کھیلتے ہوئے پرسکون انداز میں سڑک پار کر کے آگے نکل گئے اور پیچھے موجود لوگ بھی ان سے زیادہ متاثر نظر نہیں آئے۔ ایمنڈسن کے مطابق ریڈ راکس تھیٹر میں ریچھوں کی یہ پہلی انٹری تھی اور یہ منظر واقعی یادگار تھا۔

ایک اور سیاح نے قریبی پگڈنڈی پر ان ریچھوں کی ویڈیو بھی بنائی۔

ریڈ راکس انتظامیہ نے اس دلچسپ واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے سرکاری انسٹاگرام پیج پر لکھا کہ چونکہ ہمارا یہ اوپن ایئر وینیو قدرتی پارکوں اور پگڈنڈیوں سے گھرا ہوا ہے، اس لیے یہاں ہر طرح کی جنگلی حیات آتی رہتی ہے۔ حکام نے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ جنگلی جانوروں سے فاصلہ رکھیں اور کسی ہنگامی صورت میں پارک رینجرز سے رابطہ کریں۔