متحدہ عرب امارات میں گولڈن ویزہ کی جھوٹی خبروں کی سخت تردید

متحدہ عرب امارات کے گولڈن ویزہ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد قرار دے دی گئیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق وفاقی ادارہ برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی نے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ بعض مخصوص قومیتوں کو عمر بھر کے گولڈن ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔
اتھارٹی نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ گولڈن ویزہ کی شرائط، قواعد و ضوابط مکمل طور پر قوانین، حکومتی فیصلوں اور وزارتوں کی ہدایات کے مطابق ہیں۔ متعلقہ مستند معلومات صرف سرکاری ویب سائٹ اور اسمارٹ ایپ پر دستیاب ہیں۔ گولڈن ویزہ کی درخواستیں صرف متحدہ عرب امارات میں موجود سرکاری ذرائع سے قبول کی جاتی ہیں اور کسی بھی بیرونی یا اندرونی کنسلٹنسی ادارے کو اس عمل میں مداخلت کا حق حاصل نہیں ہے۔

اتھارٹی نے خاص طور پر اس غیر ملکی کنسلٹنسی آفس کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹس کی بھی مذمت کی ہے، جن میں غلط طور پر یہ بتایا گیا کہ بیرون ملک سے آسان شرائط پر تاحیات ویزہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یہ دعوے غیر قانونی، گمراہ کن اور متعلقہ حکام کی مشاورت کے بغیر پھیلائے گئے ہیں۔

اتھارٹی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے ہی گولڈن ویزہ کی خدمات حاصل کریں اور جھوٹے دعوے کر کے پیسے بٹورنے والے افراد یا اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مجاز شخص یا ادارے کو فیس یا ذاتی دستاویزات نہ دیں اور کسی بھی قسم کی معلومات کی تصدیق کے لیے اتھارٹی کی ویب سائٹ یا 24 گھنٹے فعال کال سینٹر (600522222) سے رابطہ کریں۔