گرمی سے بچنے کی کوشش، طالب علم جھیل میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان طالب علم جھیل میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ نوجوان مومن عثمان مقامی ٹیکنیکل یونیورسٹی ڈارمشٹاڈ میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق یورپ میں شدید گرمی کے دوران مومن عثمان اپنے دوستوں کے ساتھ گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے جھیل پر نہانے گیا تھا۔ نہاتے ہوئے اچانک وہ پانی میں لاپتا ہو گیا۔ دوستوں نے پہلے خود ڈھونڈنے کی کوشش کی، موقع پر موجود دیگر افراد نے بھی مدد کی، لیکن وہ نہ ملا۔

صورتحال سنگین ہونے پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا، غوطہ خوروں نے تلاش کے بعد مومن عثمان کی لاش جھیل سے نکالی اور اسپتال منتقل کی۔

مومن کی اچانک موت کی خبر سے اس کا خاندان اور جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی گہرے دکھ میں مبتلا ہے۔ پاکستانی قونصل جنرل شفاعت کلیم خٹک نے مقامی حکام سے رابطہ کر کے مومن کی میت کو جلد پاکستان منتقل کرنے کے لیے قانونی مراحل تیز کرنے کی درخواست کی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھی افسوسناک حادثہ پیش آیا تھا، جہاں ایک گاڑی موڑ کاٹتے ہوئے دریا میں جا گری تھی جس میں خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نیلم کے مطابق حادثے کے بعد لاپتا افراد کی تلاش جاری رہی اور امدادی کارروائیوں میں دشوار راستوں اور اندھیرے کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں۔