خیبر پختونخوا حکومت نے ڈرونز کے ذریعے امدادی کاموں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا آغاز کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق صوبے میں قدرتی آفات کے دوران ضرورت مند علاقوں تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے ڈرونز حاصل کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی طور پر حکومت نے دس بڑے اور بیس چھوٹے ڈرونز خریدنے کا منصوبہ بنایا ہے، جن میں سے فوری طور پر چار بڑے ڈرونز حاصل کیے جائیں گے۔
چھوٹے ڈرونز مختلف آپریشنز کی مانیٹرنگ اور متاثرہ مقامات کی نشاندہی کے لیے استعمال ہوں گے جبکہ بڑے ڈرونز کی مدد سے رسی، لائف جیکٹس اور دیگر ضروری امدادی اشیاء متاثرہ افراد تک پہنچائی جائیں گی۔ ریسکیو 1122 کو دو ہزار لائف جیکٹس بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کے لیے درکار تمام جدید آلات فراہم کیے جائیں گے، جس سے ریسکیو اداروں کی کارکردگی اور صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔























