جاپان نے تینریا سیٹلائٹ سیریز کا تیسرا ماحولیاتی نگرانی کرنے والا سیٹلائٹ جی او ایس اے ٹی-جی ڈبلیو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا

جاپان نے تینریا سیٹلائٹ سیریز کا تیسرا ماحولیاتی نگرانی کرنے والا سیٹلائٹ جی او ایس اے ٹی-جی ڈبلیو
(GOSAT-GW)
کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا ہے۔
یہ سیٹلائٹ ایچ-ٹو اے راکٹ کے ذریعے خلا میں روانہ کیا گیا، جو جاپان کا معروف اور کامیاب راکٹ نظام ہے۔ اس لانچ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ
H‑2A
راکٹ کی 50ویں اور آخری پرواز تھی۔ اب اس راکٹ کو جدید اور کم لاگت والے
H3
راکٹ سے بدل دیا جائے گا، جو جاپان کے خلائی مشنز کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔
یہ مشن تنگیشیما اسپیس سینٹر سے روانہ کیا گیا۔ راکٹ کے ساتھ منسلک سیٹلائٹ کو تقریباً 16 منٹ بعد کامیابی کے ساتھ مقررہ مدار میں چھوڑ دیا گیا۔ یہ سیٹلائٹ خاص طور پر گرین ہاؤس گیسز اور واٹر سائیکل یعنی پانی کے چکر پر نظر رکھے گا۔ اس کے علاوہ یہ سمندروں کی سطح کا درجہ حرارت، بارش کی پیمائش اور ممکنہ قدرتی آفات کی پیشگی وارننگ کیلئے قیمتی ڈیٹا بھی فراہم کرے گا۔
H‑2A
راکٹ نے 2001 سے اب تک کل 50 کامیاب مشن انجام دیے ہیں، جن میں چاند پر بھیجا گیا ایس ایل آئی ایم لونر مشن اور مشہور ہیابوسا ٹو مشن بھی شامل ہیں۔ اب اس راکٹ کی جگہ نیا
H3
راکٹ لے گا، جو کم خرچ میں زیادہ وزن خلا میں لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جس سے جاپان کی خلائی تحقیق اور سائنس میں عالمی پوزیشن مزید مضبوط اور مستحکم ہو جائے گی۔
مزید یہ کہ اس سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والا ڈیٹا نہ صرف جاپان بلکہ امریکا سمیت پوری دنیا کے ماہرین اور اداروں کو دستیاب ہوگا، جس سے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی تحقیق میں اہم پیشرفت متوقع ہے۔