واٹس ایپ اینڈرائیڈ پر دستاویزات اسکین اور شیئر کرنے کا نیا فیچر متعارف

واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس سے اب ایپ کے اندر ہی دستاویزات کو اسکین کرکے فوری طور پر شیئر کیا جا سکے گا۔

اس نئی سہولت کے ذریعے صارفین کو کسی تیسری پارٹی کی ایپلیکیشن کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ واٹس ایپ خود ہی تصویر کو ڈاکیومنٹ میں تبدیل کرکے پی ڈی ایف فارمیٹ میں شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ پہلے یہ فیچر صرف آئی فون صارفین کے لیے دستیاب تھا۔

ویبیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں محدود صارفین کے لیے فعال ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ اسکین ڈاکیومنٹ فیچر دستاویزات شیئر کرنے کے مینو میں شامل کیا جائے گا اور صارفین اسے ‘اسکین ڈاکیومنٹ’ کے نام سے استعمال کر سکیں گے۔

اس فیچر کی مدد سے صارفین اپنے ڈیوائس کے کیمرے سے براہ راست کسی بھی کاغذی دستاویز کو اسکین کر سکیں گے اور انہیں الگ سے اسکیننگ ایپ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

جب صارفین اسکین ڈاکیومنٹ کا آپشن منتخب کریں گے تو کیمرہ خود بخود آن ہو جائے گا، جس کے ذریعے دستاویز کی تصویر لی جائے گی۔ اس کے بعد صارف اس کی تصویر کا پریویو دیکھ سکیں گے اور اگر چاہیں تو تبدیلیاں بھی کر سکیں گے۔

واٹس ایپ کی جانب سے دستاویز کے مارجن خود بخود تجویز کیے جائیں گے، لیکن صارف اپنی مرضی سے مارجنز کو ایڈجسٹ کر سکیں گے۔