وزارتِ پاور ڈویژن نے بجلی صارفین کے لیے ’پاور سمارٹ ایپ‘ متعارف کرا دی

Report Sabih Salik

وزارتِ پاور ڈویژن نے بجلی کے صارفین کو زیادہ بااختیار بنانے اور بلنگ سسٹم میں شفافیت لانے کے لیے ’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘ پروگرام کے تحت ’پاور سمارٹ ایپ‘ متعارف کرا دی ہے، جس کا افتتاح وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کیا۔
اس نئی ایپ کی مدد سے بجلی کے صارفین اپنے میٹر کی تصویر مقررہ تاریخ پر لے کر اپ لوڈ کر سکیں گے، جس کی بنیاد پر اُن کا ماہانہ بل بنایا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد اوور بلنگ، ریڈنگ کی غلطیوں اور ریڈنگ میں تاخیر جیسے پرانے مسائل کا حل نکالنا ہے۔
یہ صرف ایک ایپ نہیں بلکہ بجلی کے نظام میں ایک بڑی اصلاح سمجھی جا رہی ہے جو صارفین کو اپنے بل پر مکمل اختیار فراہم کرے گی۔ اس نظام کے تحت اگر کوئی صارف مقررہ دن پر اپنی میٹر ریڈنگ دے دیتا ہے تو اس کے بعد لی جانے والی میٹر ریڈر کی ریڈنگ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
یہ فیچر خاص طور پر اُن صارفین کے لیے فائدہ مند ہے جو حکومت کی سبسڈی کے حق دار ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اگر 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والوں کا بل تقریباً 2 ہزار 330 روپے آتا ہے تو صرف ایک یونٹ اضافی ہونے پر سبسڈی ختم ہو کر بل 8 ہزار روپے سے بھی اوپر جا پہنچتا ہے۔ اب اس ایپ کی مدد سے مستحق صارفین بروقت ریڈنگ دے کر اپنی سبسڈی برقرار رکھ سکیں گے۔
’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘ جیسے اقدامات سے بلنگ کے نظام میں شفافیت بڑھے گی، صارفین خود اپنی ریڈنگ اور بل پر نظر رکھ سکیں گے اور غیر ضروری شکایات اور اوور بلنگ میں واضح کمی ہوگی۔