کیمسٹری کی کتاب میں سنگین غلطی، شاہی قلعہ لاہور کی جگہ دہلی کا لال قلعہ چھاپ دیا گیا

پنجاب ایجوکیشن کریکولم اتھارٹی نے نصابی کتاب میں ایک بڑی غلطی کر دی ہے جس پر تعلیمی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کی جانب سے فرسٹ ایئر کی کیمسٹری کی کتاب میں ماحولیات کے باب میں سموگ کے اثرات بیان کرتے ہوئے شاہی قلعہ لاہور کی تصویر کی جگہ دہلی کا تاریخی لال قلعہ شائع کر دیا گیا۔

یہ تصویر اس کتاب کا حصہ ہے جو سرکاری سطح پر کالجز میں پڑھائی جا رہی ہے۔ حیران کن طور پر تصویر کے نیچے دہلی کے لال قلعہ کو ’شاہی قلعہ لاہور‘ لکھ دیا گیا ہے۔ مقامی پس منظر میں بھارتی تاریخی ورثے کی تصویر شامل کرنے پر اساتذہ اور ماہرین تعلیم نے سخت اعتراض اٹھایا ہے اور اس غلطی کو سنگین لاپرواہی قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیکٹا حکام کی طرف سے اس غلطی پر اب تک کوئی باضابطہ بیان یا معافی جاری نہیں کی گئی۔ تاہم صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ انکوائری کے نتائج آنے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔