جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات اور طلباء کی مشاورتی کونسل نے بدھ کے روز سویرا کے ساتھ مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور صدر سویرا ڈاکٹر یاسمین خان نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ تقریب میں رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم، رئیس کلیہ علوم پروفیسرڈاکٹر مسرت جہاں یوسف، رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی اورقائم مقام رئیس کلیہ نظمیات وانتظامی علوم پروفیسر ڈاکٹر زعیمہ اسرارمحی الدین نے شرکت کی۔اس موقع پر ا سٹوڈنٹس ایڈوائزری کونسل کے اراکین، اساتذہ شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کے اساتذہ،افسران اور سویراکے افسران بھی موجودتھے۔
مفاہمتی یادداشت کا مقصدکیمپس اور معاشرے کے نوجوانوں کی ذہنی صحت کو بہتر بنانا اور شعبہ نفسیات کے فیکلٹی اور طلباء کے ساتھ مل کر کمیونیٹیز میں ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی کوفروغ دینااور شعور بیدارکرناہے۔
جامعہ کراچی کے طلباء کی مشاورتی کونسل اپنی مختلف سوسائٹیوں کے ذریعے طلباء کو سویرا کے ساتھ منسلک کرے گی تاکہ ذہنی تندرستی کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کی جا سکے۔ دونوں مشترکہ طور پر معاشرے میں ذہنی صحت کے کلچر کو فروغ دینے اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے پروگرام کے لئے کاوشیں کریں گی۔
شعبہ نفسیات کے ساتھ ہونے والے مفاہمتی یادداشت کے مطابق سویرا اور شعبہ ہذا مشترکہ طور پر عوام کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے کام کرے کریں گے۔ سویر اکی جانب سے شعبہ نفسیات کے طلبہ کے لئے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے دوروں کا اہتمام کیا جائے گا۔ سویرا خصوصی لیکچرز اور تربیتی سیشنز کے انعقاد کویقینی بنائے گا اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔
سویرا کی صدر ڈاکٹر یاسمین خان نے اجلاس کو بتایا کہ ذہنی صحت سے متعلق آگاہی معاشرے کے لیے بہت ضروری ہے اور طلبہ ذہنی صحت اور تندرستی کی اہمیت کے حوالے سے اپنی آواز کو عام کرنے کے لیے اچھے سفیر ثابت ہو سکتے ہیں۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالدمحمود عراقی نے بتایا کہ شعبہ نفسیات اور چند دیگر شعبہ جات صحت مند طرز زندگی کے لیے ذہنی صحت کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے کافی کام کر رہے ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ جامعہ کراچی مختلف اداروں کے ساتھ معاشرے کی فلاح وبہبود کے لئے مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں حصہ لے رہی ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ کرونا وائرس کے بعد دنیا بھر میں ذہنی صحت پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی اور اس حوالے سے دنیا بھر میں بہت تیزی سے کام ہورہاہے لیکن بدقسمتی سے پسماندہ ممالک کو ذہنی صحت کے مسائل اور لوگوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
=========================
جامعہ کراچی: اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں جامعہ سے الحاق شدہ کالجز میں جاری ڈگری پروگرام کے امتحانات سیمسٹرسسٹم کے تحت لینے کی منظوری
شعبہ کمپیوٹر سائنس کے تحت آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں چارسالہ بی ایس پروگرام شروع کرنے کی منظوری
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کی زیر صدارت منعقدہ اکیڈمک کونسل کے حالیہ اجلاس میں جامعہ کراچی سے الحاق شدہ کالجزمیں جاری ڈگری پروگرام ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس(اے ڈی اے)،ایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس(اے ڈی سی) اور ایسوسی ایٹ ڈگری اِن سائنس(اے ڈی ایس) کے امتحانات کوسیمسٹرسسٹم کے تحت لینے کی پالیسی کی منظوری دی گئی جس کے تحت ہر مضمون کا 100 نمبرزکا پرچہ ہوگا، اس کے امتحانات شعبہ امتحانات جامعہ کراچی کے تحت ہوں گے اورتمام 100 نمبرزکا اختیار شعبہ امتحانات جامعہ کراچی کے پاس ہوگا۔
اجلاس میں شعبہ کمپیوٹرسائنس کے زیر اہتمام آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں چارسالہ بی ایس پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی جس میں داخلوں کا اعلان جلد کیاجائے گا۔
اجلاس میں بورڈ برائے کلیہ فنون وسماجی علوم پر تین اراکین کی بحیثیت نمائندہ اکیڈمک کونسل منظوری دی گئی جس پروفیسرڈاکٹر فیاض حسین مدنی وید، پروفیسرڈاکٹر صائمہ اختراور پروفیسرڈاکٹر سطوت زہرہ شامل ہیں۔
بورڈ برائے کلیہ علوم کے اجلاس مورخہ 22 نومبر2023،27 اگست،25 اکتوبراور18 نومبر2024 ء کی رودادوں کی توثیق کی گئی۔اکیڈمک کونسل کے اجلاس منعقدہ29 اکتوبر2024 ء کی رودادکی توثیق کی گئی۔اجلاس میں اکیڈمک کونسل کے اجلاس منعقدہ 29 اکتوبر2024 ء، بورڈ برائے کلیہ فنون وسماجی علوم کے اجلاس مورخہ 08 نومبر2024 ء اوربورڈ برائے اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے اجلاس مورخہ 10 جون2024 ء کی رودادوں کی توثیق کی گئی۔